اسرائیلی یرغمالی ایلون اوہیل کی 24 ویں سالگرہ کے موقع پر لوگ تل ابیب میں جمع ہوئے ہیں اور غزہ میں باقی رہ جانے والے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ہجوم میں شامل میا گولڈ سٹین نے یوروشلم میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار ایلس کڈی کو واٹس ایپ پر بتایا کہ ’اسرائیلی یرغمالیوں کو اب ہر حال میں رہا ہونا چاہیے۔ ایلون اور باقی بے گناہ مغوی ایک سال سے زیادہ عرصے سے انتہائی خوفناک حالات میں ہیں۔‘

میا گولڈ سٹین نے حماس کی جانب سے پیر کے روز مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کو معطل کرنے کے اعلان کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہر اس شخص پر بہت زیادہ دباؤ ہونا چاہیے جو انھیں (اسرائیلی یرغمالیوں کو) حماس کی قید سے رہا کروا سکتا ہے۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جیسا کہ ہم نے واپس آنے والے آخری یرغمالیوں کی حالت کو دیکھا ہے، یرغمالیوں کی رہائی میں تاخیر ان کی زندگی کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔‘یاد رہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے روز ایلون کو نووا فیسٹیول سے یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ تاہم آج حماس کی قید میں ان کی دوسری سالگرہ ہے۔