رامپور:الیکشن کمیشن پر تبصرہ کرنے پر ایس پی لیڈر اعظم خان کے خلاف سٹی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ اعظم کے خلاف دو دنوں میں یہ لگاتار دوسرا مقدمہ ہے۔ اس سے پہلے اعظم خان کے خلاف گنج کوتوالی میں خواتین کے بارے میں تبصرے کرنے پر رپورٹ ہوئی تھی۔
یکم دسمبر کو اعظم خان نے قلعہ کے میدان میں ایس پی امیدوار عاصم راجہ کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ عام میں ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو بھی موجود تھے
الزام ہے کہ اعظم خان نے اشتعال انگیز تقریر کی۔ پولیس، الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن جیسے آئینی اداروں پر تبصرہ کرکے لوگوں کو مشتعل کرنے کا کام کیا۔ ایسا کرنا ماڈل ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس معاملے میں نہر سیکشن کے جونیئر انجینئر اور ویڈیو سرویلنس ٹیم کے انچارج سجیش کمار ساگر نے تحریر دی تھی۔ تحریر کی بنیاد پر کوتوالی تھانے کی پولیس نے ایس پی لیڈر اعظم خان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 (اے)، 505 (1) (بی) اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 125 کے تحت رپورٹ درج کی ہے۔ ایس پی اشوک کمار شکلا نے بتایا کہ تحریر کی بنیاد پر رپورٹ درج کی گئی ہے۔