دہلی:آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے ایک وفد نے ڈاکٹر سیّد احمد خاں کی قیادت میں مرکزی وزیر آیوش جناب پرتاپ رائو جادھو سے ان کی رہائش گاہ نئی دہلی پر ملاقات کی۔ وفد میں مہاراشٹر سے ڈاکٹر انس انصاری اور دہلی سے ڈاکٹر شکیل احمد میرٹھی، حکیم آفتاب عالم، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ اور محمد عمران قنوجی شامل تھے۔ وفد نے وزیر اعظم ہند جناب نریندر مودی کو گزشتہ ماہ تحریر کیے گئے مکتوب کی کاپی پیش کی، جس میں حکیم اجمل خاں کا مختصر تعارف اور آیوروید اینڈ یونانی طبیہ کالج، قرول باغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ نیز یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکیم اجمل خاں کی شخصیت اور کارناموں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان کی یاد میں مذکورہ طبیہ کالج کو نیشنل یونانی یونیورسٹی کے طور پر اَپ گریڈ کیا جائے۔
اس موقع پر ان کی پارٹی کے ذریعہ مہاراشٹر میں پہلا گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج کھولنے پر شکریہ ادا کیا گیا اور ان کی یونانی دوستی پر ستائش کی گئی۔ وفد کی باتوں کو انہوں نے سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے طور پر پوری کوشش کریں گے۔