نئی دہلی:(پریس ریلیز)
سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند ایلو پیتھک اسپتالوں میں آیوش مراکز کے قیام کی اسکیم کے تحت دہلی کے منتخب ایلوپیتھک اسپتالوں میں طب یونانی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ فی الحال یہ سہولیات ڈاکٹر رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال،صفدرجنگ اسپتال اور دین دیال اپادھیائے (ڈی ڈی یو) اسپتال میں دستیاب ہے۔
سی سی آریوایم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خان کے مطابق ایلوپیتھک اسپتالوں میں یونانی طبی مراکز قائم کرنے کامقصدیہ ہے کہ یونانی علاج کرانے کے خواہش مند مریضوں کو ایلوپیتھک اسپتالوں کے چھت کے نیچے مفت یونانی طبی سہولیات فراہم کی جاسکے اوریونانی طب دیگر طبی نظام کے باہمی ربط سے عوامی صحتی خدمات و مسائل کے حل میں اپناکردار ادا کرسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان مراکز پر جنرل او پی ڈی سہولیات کے علاوہ کچھ خاص امراض جیسے کہ سفید داغ،ایکزیما، خارش، وجع المفاصل، دمہ،سائنوسائٹس، ورم جگر،ذیابیطس شکری وغیرہ کا علاج بھی دستیاب ہے۔
ڈاکٹر رام منوہر لوہیااسپتال میں واقع یونانی میڈیکل سینٹر14 جنوری 1998 سے اپنی خدمات دے رہا ہے جب کہ دین دیال اپادھیائے اسپتال میں واقع یونانی اسپیشیلیٹی سینٹر 01نومبر2010کو قائم کیا گیا تھااور صفدر جنگ اسپتال میں واقع یونانی میڈیکل سینٹر13ستمبر 2019 سے عوام کو طبی سہولیات فراہم کررہاہے۔










