نئی دہلی۔ 26 جون 2024
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں اور بانی جنرل سکریٹری ڈاکٹر پرواز علوم نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ میں حلف لینے کی رسم ادائیگی میں بیرسٹر اسدالدین اویسی اور جناب محمد حنیف نے اردو میں حلف لے کر ہندوستانی زبان اردو کی بھی عزت افزائی کی، اس کے لیے وہ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
تنظیم ہذا کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ اس سے قبل 2009 میں اکبرپور (یوپی) پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر لال بہادر موریہ نے پرچہ نامزدگی اردو میں داخل کرکے ایک تاریخ رقم کی تھی وہ لمحہ بھی اردو داں عوام کے لیے قابل رشک تھا۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ بھارت ایک بڑا جمہوری ملک ہے، یہاں کے آئین نے ہر شہری کو برابر کا حق دیا ہے اور سب کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا بھی حق عطا کیا ہے۔ انہوں نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) حیدرآباد کے ذریعہ LLB کی تعلیم اردو زبان میں حاصل کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے موجودہ وائس چانسلر جناب سید عین الحسن کا شکریہ ادا کیا ہے کیونکہ یہ بھی ایک تاریخی کارنامہ ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اردو نہ صرف ادب اور سائنس کی زبان ہے بلکہ قانون کی زبان بھی رہ چکی ہے، جسے ازسرنو بحال کرنے کا فریضہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد نے ادا کیا ہے۔ اب اردو داں عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ استفادہ کریں۔









