دہرا دون:اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے تبدیلی مذہب مخالف قانون کو مزید سخت کر دیا ہے۔ حکومت نے اس میں ترمیم کرتے ہوئے 10 سال قید کی سزا کا التزام کیا ہے۔ گزشتہ قانون میں جبری تبدیلی پر 5 سال کی سزا کا بندوبست تھا۔ پڑوسی ریاست اتر پردیش میں بھی جبری تبدیلی مذہب پر 10 سال کی سزا کا انتظام ہے۔
اتراکھنڈ کی پشکر سنگھ دھامی حکومت نے اتراکھنڈ فریڈم آف ریلیجن ایکٹ 2018 میں ترمیم کرکے اتراکھنڈ فریڈم آف ریلیجن (ترمیمی) ایکٹ 2022 تشکیل دیا ہے۔ پرانے ایکٹ میں ترمیم کا یہ فیصلہ بدھ کو وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔
ریاستی حکومت آئندہ اسمبلی اجلاس میں ترمیم سے متعلق بل لائے گی۔ ریاستی حکومت نے ایک ترمیم کو بھی منظوری دے دی ہے جس میں اسے 10 سال قید کی سزا کے ساتھ قابل ادراک جرم قرار دیا گیا ہے۔
ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ انیال نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اس ترمیم کے ساتھ، ریاستی حکومت جبری تبدیلی مذہب کے معاملے میں اتر پردیش سے زیادہ سخت قانون بنا رہی ہے۔
اس سال ستمبر میں پشکر سنگھ دھامی حکومت نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ریاست میں غیر تسلیم شدہ مدارس کا سروے کر سکتی ہے۔ اس سے پہلے اتر پردیش حکومت نے اپنی ریاست میں اس طرح کا سروے کرایا تھا۔ اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ وقف بورڈ وقف املاک کو ناجائز تجاوزات سے آزاد کرانے کے لیے بلڈوزر خریدے گا۔








