مہاراشٹر میں اورنگزیب کے خلاف جاری نفرت کی مہم اور تشدد کے واقعات کے دوران امبیڈکر کے پوتے اور وَنچت بہوجن اگھاڑی کے چیف پرکاش امبیڈکر نے اورنگ زیب کے مقبرہ پر حاضری دے کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے 17 جون کو خلد آباد میں موجود اورنگ زیب کے مقبرہ پر حاضری دی۔اور مخالفین کو چیلنج کیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق چھترپتی سنبھاجی نگر (اورنگ آباد) سے 24 کلو میٹر دور خلد آباد میں اورنگ زیب کے مقبرہ پر پرکاش امبیڈکر نے حاضری دی اور گلپوشی بھی کی۔ اس کے بعد ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اورنگ زیب نے ہندوستان میں 50 سال تک راج کیا ہے۔ کیا اس حقیقت کو مٹا سکتے ہیں؟ اگر گالیاں ہی دینی ہیں تو جئے چند کو دیجیے، اورنگ زیب کو کیوں؟ جئے چندوں کی وجہ سے ہی باہری طاقتیں طاقتور ہوئیں۔ اورنگ زیب کا کیا قصور؟‘‘







