نئی دہلی: این سی ای آرٹی (NCERT) کی نصابی کتاب میں تبدیلیوں کی خبروں کا جواب دیتے ہوئے، اس کے ڈائریکٹر دنیش پرساد سکلانی نے کہا کہ "نصاب کو بھگوا بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی” اور تمام تبدیلیاں "ثبوت اور حقائق” پر مبنی ہیں۔
نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں، سکلانی نے کہا، "ہم طلباء کو فسادات کے بارے میں کیوں پڑھائیں؟” انہوں نے کہا کہ نصابی کتاب کا مقصد "افسردہ شہری پیدا کرنا” نہیں ۔ سکلانی نے مزید کہا کہ اسکولوں میں تاریخ حقائق کو پیش کرنے کے لیے پڑھائی جاتی تھی، نہ کہ اسے "میدانِ جنگ” بنانے کے لیے۔
نفرت، تشدد اسکول میں پڑھانے کے مضامین نہیں ہیں،” انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا، انہوں نے مزید کہا کہ "انہیں نصابی کتابوں کا اکھاڑہ نہیں ہونا چاہیے۔”
قابل ذکر ہے انڈین ایکسپریس نے اتوار کو خبر دی کہ NCERT کلاس 12 پولیٹیکل سائنس کی نظرثانی شدہ نصابی کتاب، جو گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں آئی، بابری مسجد کا نام لے کر اسے "تین گنبد ڈھانچہ” کہہ کر ذکر نہیں کرتی، ایودھیا کے حصے کو چار سے دو کر دیا گیا ہے۔ پہلے والے ورژن سے صفحات اور تفصیلات ڈیلیٹ کر دی گئی مثلا : گجرات میں سومناتھ سے ایودھیا تک بی جے پی کی رتھ یاترا؛ کار سیوکوں کا کردار؛ 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کے انہدام کے بعد فرقہ وارانہ تشدد؛ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں صدر راج؛ اور بی جے پی کا "ایودھیا میں ہونے والے واقعات پر افسوس” کا اظہار۔
L سکلانی نے مزید کہا کہ نصابی کتب پر نظر ثانی ایک "عالمی عمل” اور "تعلیم کے مفاد میں” ہے۔ "اگر کوئی چیز غیر متعلقہ ہو جائے تو اسے تبدیل کرنا پڑے گا،” انہوں نے کتابوں سے حذف کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نصابی کتب پر نظرثانی کے عمل میں "ڈکٹیٹ یا مداخلت” نہیں کرتے، یہ کام موضوع کے ماہرین کا ہوتا ہے .









