نئی دہلی : نئی دہلی میں 9 اور 10 ستمبر کو ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے لئے پرگتی میدان کمپلیکس کے بھارت منڈپم میں کئی ممالک کے سربراہان اور عالمی اداروں کے رہنما جمع ہوں گے۔ اس عالمی ایونٹ کے لئے قومی دارالحکومت میں کئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ دہلی پولیس نے اب ایک وضاحت جاری کی ہے کہ دو روزہ چوٹی کانفرنس کے دوران نئی دہلی کے علاقے میں ضروری خدمات جاری رہیں گی۔ یہ بیان کچھ خبر رساں ایجنسیوں کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے کہ جمعہ سے اتوار تک ضروری خدمات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
دہلی پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ‘پوری دہلی کھلی ہے، صرف NDMC علاقے کے ایک چھوٹے سے حصے میں پابندیاں لگائی جائیں گی۔ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ کچھ خبر رساں ایجنسیاں گمراہ کن سرخیاں لگا کر G-20 سربراہی اجلاس کے تناظر میں لگائی جانے والی پابندیوں کے بارے میں غلط بیانی اور غلط تشہیر کر رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام الناس اور نیوز ریڈرز کے ذہنوں میں بذبذب کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پابندیاں صرف NDMC علاقہ کے ایک چھوٹے سے حصے میں لگائی گئی ہیں۔ ہماری گزارش ہے کہ خبر رساں ادارے ہماری ہدایات کے مطابق درست تفصیلات شائع کریں، تاکہ کوئی کنفیوزن پیدا نہ ہو۔







