اب دہلی میں خواتین رات کی شفٹ میں بھی کام کر سکیں گی، کیونکہ وزیر برائے محنت نے اس کے ڈرافٹ کو اپنی منظوری دے دی ہے۔
خبر کے مطابق لیبر ڈپارٹمنٹ عوام سے اس پر مشورہ اور اعتراضات طلب کرے گا اور اس کے بعد ڈرافٹ کو آخری شکل دی جائے گی۔
قابل ذکر ہےخواتین کی شراکت داری بڑھانے کے مدنظر دہلی حکومت بہت سنجیدہ ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لیبر ڈپارٹمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور اس سلسلے میں ضروری اقدام اٹھانے کی ہدایت دی تھی۔ اسی پس منظر میں وزیر برائے محنت راج کمار آنند نے لیبر ڈپارٹمنٹ کے افسران سے ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 28 اپریل کو اس پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور راج کمار آنند نے ڈرافٹ کو منظوری دیتے ہوئے یہ طے کیا کہ اب خواتین کی شراکت داری بڑھانے کے لیے انھیں بھی نائٹ شفٹ میں کام کرنے کا موقع دینا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ۔اس کے تحت خواتین رات 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کی شفٹ میں کام کر سکتی ہیں۔ حالانکہ ایسی صورت میں خواتین کی سیکورٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمپنی کو گھر سے دفتر تک ٹرانسپورٹیشن کا انتظام کرنا ہوگا۔ کام والی جگہ پر خواتین کے لیے بیت الخلا، پینے کے پانی اور ان کی آمد و رفت کے لیے مناسب انتظام ہونا لازمی ہے۔







