لکھنؤ :(ایجنسی)
یوپی کی راجدھانی لکھنؤ کا نام بدلنے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ درحقیقت، وزیر اعظم نریندر مودی کے استقبال کے لیے سی ایم یوگی کے ایک ٹویٹ نے لکھنؤ کا نام تبدیل کرنے کی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹویٹ میں لکھا، ‘’شیش اوتار بھگوان شری لکشمن جی کے مقدس نگری لکھنؤ میں آپ کا دل کی گہرائیوں سے پرتپاک استقبال…‘
واضح رہے کہ سی ایم یوگی نے یہ ٹویٹ اموسی ہوائی اڈے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کرتے ہوئے لی گئی تصویر کو ٹیگ کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس ٹویٹ کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ لکھنؤ کا نام لکشمن جی کے نام پر رکھا جا سکتا ہے۔ یہ قیاس اس لیے بھی لگایا جا رہا ہے کہ اس سے پہلے لکھنؤ کا نام بدل کر لکھن پوری، لکشمن پوری اور لکھن پور کرنے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے۔
بتادیں کہ یوگی حکومت اس سے پہلے بھی کئی جگہوں کے نام بدل چکی ہے۔ الہ آباد اور فیض آباد کا نام بدل کر پریاگ راج اور ایودھیا کر دیا گیا ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے اسی تصویر کے ساتھ کی گئی ٹویٹ کی زبان بدل گئی ہے۔ اس ٹویٹ میں انہوں نے لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کے بارے میں لکھا ہے۔









