نئی دہلی (ڈی ڈبلیو )اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی یوگی حکومت کی پولیس نے منگل 21 فروری کو معروف بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کو ایک قانونی نوٹس دیا۔ یہ نوٹس ریاست کے کانپور دیہات میں مبینہ غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرنے کی وجہ سے دی گئی ہے۔ تجاوزات ہٹانے کے دوران ایک جھونپڑی میں ماں اور بیٹی کی زندہ جل جانے سے موت ہو گئی تھی
نیہا سنگھ راٹھور نے پچھلے ہفتے ہی اپنے بھوجپوری گیت ‘یوپی میں کا با’ (اترپردیش میں کیا ہے؟) کا ویڈیو جاری کیا تھا، جو بہت جلد وائرل ہو گیا۔ اس گیت میں 45 سالہ پرمیلا دکشت اور ان کی 20 سالہ بیٹی کی ان کی جھونپڑی میں مبینہ طورپر پولیس کے ذریعہ زندہ جلا دینے کے دردناک واقعے کو بیان کیا گیا ہے اور یوگی حکومت پر طنز بھی کیا گیا ہے۔
اترپردیش پولیس نے کل رات نیہا کے گھر جاکر انہیں ایک نوٹس دیا جس میں ان پر سماج میں "دشمنی اور کشیدگی کی صورت پیدا کرنے” کا الزام لگایا گیا ہے۔ نوٹس میں ان سے ڈھیر سارے سوالات بھی پوچھے گئے ہیں اور تین دن کے اندر جواب دینے کا حکم دیا۔
نیہا سنگھ راٹھور سے ان کے سوشل میڈیا چینل کے حوالے سے بھی کئی سوالات پوچھے گئے ہیں۔ مثلاً ان سے پوچھا گیا ہے کہ کیا ویڈیو میں جو خاتون دکھائی دے رہی ہیں وہ خود ہیں؟ کیا یہ گیت خود ان کا لکھا ہوا ہے؟ اگر انہوں نے یہ گیت خود نہیں لکھا ہے تو کیا نغمہ نگار نے ان سے اس گیت کو لکھنے کی باضابطہ اجازت لی تھی؟ کیا انہوں نے خود ہی اس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی تھی؟ کیا انہوں نے خود ہی اسے یو ٹیوب چینل پر ڈالا تھا؟
نوٹس میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ اس گیت نے سماج میں دشمنی اور کشیدگی پیدا کر دی ہے؟
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے، "اگر آپ کا جواب اطمینان بخش نہیں ہوا تو آپ کے خلاف تعزیرات ہند اوردیگر مجرمانہ قوانین کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، تفتیش کی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔”








