نئی دہلی :(ایجنسی)
اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف تنقیدی موقف رکھنے والی صحافی رانا ایوب کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ اس نے کہا ہے کہ ان پر آن لائن کئے جارہےفرقہ وارانہ اور حقوق نسواں حملوں کو روکنا چاہیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رانا ایوب پر دائیں بازو اور قوم پرست ہندو گروپوں کی جانب سے آن لائن مسلسل حملے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ہندوستانی حکام کو اس کی فوری تحقیقات کرنی چاہیے۔
بھارت نے اقوام متحدہ کے اس رد عمل کو غیر ضروری اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ٹویٹ کے جواب میں، ہندوستان نے کہا، ’نام نہاد عدالتی ہراساں کرنے کے الزامات بے بنیاد اور نامناسب ہیں۔‘ ہندوستان میں قانون کی حکمرانی ہے لیکن یہ اتنا ہی واضح ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ایس آر معروضی اور درست ہونے تک کی جانکاری رکھتے ہوںگے ۔ گمراہ کن بیانیے کو فروغ دینے سے اقوام متحدہ کی ساکھ ہی داغدار ہوگی۔
بھارت کے ردعمل سے قبل اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ یہ حملے تحقیقاتی صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن رانا ایوب پر ہو رہے ہیں کیونکہ وہ بھارت میں اقلیتی مسلمانوں کو متاثر کرنے والے مسائل پر رپورٹنگ کرتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ حکومت کے ذریعہ مذمت نہیں کئے جانے، مناسب تحقیقات کے فقدان اور قانونی طور پر ہراساں کیے جانے نے حملوں اور حملہ آوروں کو غیر منصفانہ طور پر قانونی حیثیت دی ہے اور ان کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ایوب کو ان کی رپورٹنگ کے سلسلے میں بھارتی حکام کی جانب سے کئی سالوں سے قانونی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا ہے۔ اس میں کہا گیا، ’11 فروری کو، چھ ماہ میں دوسری بار، رانا ایوب کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر اثاثے منی لانڈرنگ اور ٹیکس فراڈ کے بے بنیاد الزامات پر منجمد کیے گئے، جو عالمی وبا سے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے ان کے کراؤڈ فنڈنگ مہم سے متعلق تھے ۔
ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی حکومت رانا ایوب کو دھمکیوں اور آن لائن حملوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور ان کے خلاف جاری تحقیقات کو روکے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل واشنگٹن پوسٹ نے رانا ایوب کو ہراساں کیے جانے کے حوالے سے اپنے اخبار کے صفحہ اول پر مکمل رپورٹ شائع کی تھی۔ رانا ایوب نے اس رپورٹ کا اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔
حال ہی میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں رانا ایوب کے 1.77 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے تھے۔ ای ڈی حکام کا کہنا ہے کہ رانا پر عطیہ کی گئی رقم کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ تاہم رانا ایوب ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتی رہی ہیں۔










