ممبئی :(ایجنسی)
آسام کے گوہاٹی میں شیو سینا کے ایم ایل اے ایکناتھ شندے کا کیمپ مضبوط ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ابھی مزید ایم ایل اے کے بھی گروپ میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ان میں سے کچھ ایم ایل اے ایسے بھی ہیں جنہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یا انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جانچ کی آنچ کا سامنا کررہے ہیں۔ ہندوستان لائیو کی رپورٹ کے مطابق شیو سینا کے کچھ ممبران اسمبلی نے ان پر تحقیقات کے ذریعے ہراساں کیے جانے کا الزام بھی لگاچکے ہیں۔
آئیے پرتاپ سرنائک سے شروع کرتے ہیں۔ بدھ کو شندے کیمپ کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں وہ سب سے زیادہ سرگرم نظر آرہے تھے۔ اووالا- ماجیواڑا کے ایم ایل اے کے خلاف 175 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات جاری ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ سرنائک پہلے ایسے لیڈر تھے جنہوں نے عوامی طور پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے بی جے پی کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کو کہا تھا۔
تھانے میں رئیل اسٹیٹ کے بڑے کھلاڑی کہے جانے والے سرنائک کی ای ڈی نے 11.35کروڑ روپے کے اثاثے اٹیچ کر دی تھی ۔
بھائیکھالہ ایم ایل اے یامینی جادھو کے شوہر یشونت جادھو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سابق چیئرمین ہیں۔ ای ڈی ان کے خلاف FEMAکی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق کیس کی جانچ کر رہی ہے۔ وہیں، ای ڈی کی تحقیقات سے پہلے، انکم ٹیکس حکام نے جادھو پریوار کے باندرہ میں ایک فلیٹ اور یشونت کی تقریباً 40 جائیدادوں کو ٹیکس چوری کے الزام میں اٹیچ کردیا تھا۔
تیسرا نام شیوسینا ایم پی بھاؤنا گاولی کا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بھی شندے گروپ کی حمایت میں سامنے آگئی ہیں۔ انہوں نے پیر کو ٹھاکرے کو ایک خط لکھا اور کہا کہ وہ شندے گروپ کے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل پر غور کریں۔ گاولی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہے۔ ان کے ایک قریبی ساتھی سعید خان کو ای ڈی نے گرفتار کرلیا تھا۔ اس کے ساتھ ان کے 3.75 کروڑ روپے کے اثاثے بھی اٹیچ کرلی تھی ۔