نئی دہلی:( نامہ نگار)
جیل سے 27ماہ بعد رہا ہونے والے سماجوادی کے دبنگ رہنما محمد اعظم خاں سے سرکردہ لیڈروں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے ۔اتحادملت کونسل کے صدر اور معروف لیڈر علامہ توقیر رضا خاں نے ان سے ملاقات کرکے احوال جانا اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔
دریں اثنا باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی کسی دن بھی ان سے ملنے آسکتے ہیں۔سیاسی حلقوں میں یہ خبر گرم ہےاور پہلے سے بھی افواہیں گردش کررہی ہیں کہ اویسی ،شیوپال اور اعظم خاں مل کر کوئی نیا محاذ بناسکتے ہیں ۔گرچہ اعظم خاں نے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں یہ بات صاف کردی ہے کہ میں ہاردک پٹیل نہیں ہوں ۔
بہرحال سردست کوئی قیاس آرائی کرنا مشکل ہے کہ آنے والے دنوں میں کیا حالات ہوں گے۔









