نئی دہلی:(ایجنسی)
آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے نے بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کے متنازع ریمارکس کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے 17 جون 2022 کو مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دلت لیڈر پرکاش اپنی پارٹی کے کارکنوں، ونچیت بہوجن اگھاڑی اور مختلف مسلم تنظیموں کے ساتھ اس تحریک کی قیادت کریں گے۔
ممبئی میں ونچیت بہوجن اگھاڑی کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خلاف کئے گئے قابل اعتراض ریمارکس کے خلاف ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ یہ ریلی 17 جون 2022 کو ونچیت بہوجن اگھاڑی آفس جھولا میدان مدن پورہ سے آزاد میدان، ممبئی تک جائے گی۔ پرکاش امبیڈکر نے خود اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ جانکاری دی۔
ٹویٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، پرکاش امبیڈکر نے کہا، ’’ونچیت بہوجن اگھاڑی، ممبئی کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خلاف کی گئی توہین کے خلاف ایک عظیم ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 17 جون کو دوپہر 2 بجے یہ ریلی ونچیت بہوجن اگھاڑی کے دفتر مدن پورہ کے سامنے سے شروع ہو کر آزاد میدان تک جائے گی۔‘‘
بابا صاحب کے پوتے پرکاش امبیڈکر کے اس اعلان کے بعد ممبئی پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ہائی الرٹ ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ پاٹل نے کہا کہ پولیس چوکس ہے تاکہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔









