پٹنہ:(ایجنسی)
اس وقت کی بڑی خبر بہار کے سیاسی گلیارے سے آرہی ہے، جہاں اسدالدین اویسی کی قیادت والی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے چار اراکین اسمبلی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شامل ہوں گے۔ اویسی کی پارٹی کے چار اراکین اسمبلی کے آر جے ڈی میں شامل ہونے کی تصدیق خود بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی کی ہے۔
اس سے پہلے بدھ کی دوپہر اچانک تیجسوی یادو نے بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے سنہا کے کمرے میں اے آئی ایم آئی ایم کے 4 اراکین اسمبلی کے ساتھ پہنچ کر ملاقات کی۔ اس دوران اخترالایمان کو چھوڑ کر اویسی کی پارٹی کے سبھی اراکین اسمبلی موجود رہے۔ پارٹی کے جوا اراکین اسمبلی آر جے ڈی میں شامل ہو رہے ہیں، ان کے نام کوچا دھامن سیٹ سے رکن اسمبلی محمد اظہار اصفی، جوکی ہاٹ سیٹ سے رکن اسمبلی شہباز عالم، بائسی سے رکن اسمبلی رکن الدین احمد، بہادر گنج سے رکن اسمبلی انظار نعیمی ہیں۔
اسدالدین اویسی کی پارٹی کے چار اراکین اسمبلی کے شامل ہونے کے ساتھ ہی آر جے ڈی بہار میں بی جے پی کو پیچھے چھوڑ کر سب سے بڑی پارٹی بن جائے گی۔ اب آرجے ڈی کے اسمبلی میں 79 اراکین اسمبلی ہوں گے تو وہیں بی جے پی 77 اراکین اسمبلی کے ساتھ دوسرے نمبر کی پارٹی ہوگی۔









