رامپور :(نامہ نگار)
ضمنی عام انتخاب کے لیے رام پور سیٹ سے ایس پی کے امیدوار کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سماج وادی پارٹی نے پیر کو اعظم گڑھ اور رامپور سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ اعظم گڑھ سے سابق ایم پی دھرمیندر یادو جب کہ اعظم خاں کی اہلیہ تنزئین فاطمہ کو رام پور سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیاتھا۔ لیکن اب رام پور سیٹ سے تنزئین فاطمہ کی جگہ عاصم رضا کو ایس پی امیدوار بنایا گیا ہے، اعظم خاں نے خود سماج وادی پارٹی کے دفتر پہنچ کر یہ اعلان کیا۔ عاصم رضا ایس پی کے رام پور سٹی صدر رہ چکے ہیں۔ رضا اعظم خاں کے قریب ہیں۔ رام پور سیٹ کے لیے نامزدگی سے ٹھیک پہلے امیدوار کو تبدیل کر دیا گیا ۔ بحث تھی کہ اعظم خاں اپنی اہلیہ کو لوک سبھا کا الیکشن لڑائیں گے، لیکن عاصم رضا کے نام کا اعلان نامزدگی کا وقت ختم ہونے سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے کر دیا گیا۔
بی جے پی کے بارے میں بات کریں تو، پارٹی نے ایک بار پھر بھوجپوری اداکار ’نرہوا‘ کو اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔ ’نرہوا‘ نے اس سیٹ سے 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا۔ تاہم، وہ اعظم گڑھ سیٹ اس وقت کے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ہار گئے تھے۔ رام پور سیٹ سے بی جے پی نے گھنشیام لودھی کو میدان میں اتارا ہے۔ درحقیقت مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے ماضی میں رام پور سیٹ سے الیکشن لڑا تھا اور ایک بار وہ جیت بھی گئے تھے، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نقوی خود اس بار اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ ایسے میں انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
اعظم گڑھ اور رام پور لوک سبھا سیٹیں اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد بالترتیب سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو اور محمد اعظم خاں نے خالی کی تھیں۔ آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ اتر پردیش کی دو پارلیمانی سیٹوں اور چار ریاستوں کی سات اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات 23 جون کو ہونے ہیں۔ تیسری لوک سبھا سیٹ پنجاب میں سنگرور ہے، جسے بھگونت مان نے خالی کیا ہے۔ مان کو حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت کے بعد پنجاب کا وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ووٹوں کی گنتی 26 جون کو ہوگی۔









