کانگریس پارٹی راہول گاندھی کے معاملے پر طویل جنگ لڑنے کے لیے تیار ہے۔ کانگریس اس پیش رفت کو ایک نیا موڑ دینے کی امید کر رہی ہے تاکہ عوام کا موڈ اس کے حق میں ہو سکے۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے سرکردہ لیڈران بشمول کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے اگلے قدم کی منصوبہ بندی کے لیے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں میٹنگ کی ہے۔
پرینکا گاندھی نے ملک کے لیے گاندھی خاندان کے "تعاون” کو یاد دلاتے ہوئے احتجاج کی کال دی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں لیڈروں نے کئی تجاویز پیش کیں، جس کے بعد کھرگے نے تحریک کی شکل کو طے کرنے کے لیے ایک چھوٹا گروپ تشکیل دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک لیڈر نے یہاں تک مشورہ دیا کہ لوک سبھا میں پارٹی کے تمام ممبران پارلیمنٹ کو بھی راہل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ دیگر تجاویز میں اس ماہ کے آخر تک دہلی میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد، ملک بھر میں سڑکوں پر میٹنگیں، سورت میں ایک ریلی کا انعقاد اور سورت سے بھارت جوڑو یاترا کے اگلے مرحلے کا آغاز شامل ہے۔








