راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخی کے خلاف کانگریس آج ملک گیر تحریک چلا رہی ہے۔ راجدھانی دہلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر کانگریس کے اہم لیڈران ایک روزہ دھرنا دینے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا، خبر ہے کہ دہلی پولیس نے کانگریس کو مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر دھرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری (انچارج تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا ’’پارلیمنٹ میں ہماری آواز کو خاموش کرنے کے بعد حکومت نے ہمیں باپو کی سمادھی پر بھی پرامن ستیہ گرہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔‘‘
سنکلپ ستیہ گرہ میں شرکت کے لئے راج گھاٹ پہنچنے سے قبل کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’بی جے پی راہل گاندھی کو بولنے نہیں دے رہی۔ راہل گاندھی ملک کے لیے اور عوام کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور ہم نہیں رکیں گے۔ آج ہم گاندھی اسمارک جا رہے ہیں اور وہاں ستیہ گرہ کریں گے۔‘‘








