نئی دہلی :(پریس ریلیز)
دہلی کی معروف سماجی تنظیم ، الحکمہ فاؤنڈیشن نے آج یہاں اپنے مرکزی دفتر واقع ذاکر نگر میں عید ملن پروگرام کاانعقاد کیا۔اس پروگرام میں پریس کلب آف انڈیا کے ممبر اور مشہور صحافی آصف عمر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے خطاب کے دوران بین المذاہب ڈائیلاگ کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور لوگوں اورسماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے طور پر اس طرف بہت تیزی سے کام کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے برادران وطن ہمارے بارے میں بہت سی غلط فہمیوں کا شکار ہیں جو باہمی روابت سے ہی ہمارے ملک میں امن برقرار رکھنے میں کار گر ثابت ہوسکتے ہیں۔ آصف عمر نے الحکمہ فاؤ نڈیشن کی اس طرح کی کوششوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ عید ملن کا پروگرام بھی اسی سلسلہ کاایک کڑی ہے ۔
اس پروگرام میں مہمان اعزازی مشہور تاجر اور الحکمہ فاؤنڈیشن کےایڈوائزری بورڈ کے ممبر مسعود غنی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی اور لوگوں کو ایماندارزندگی گزارنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ ہم اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھوٹ بول دیتے ہیں جن سے ہمارے اندر کاسکون درہم برہم ہوجاتا ہے اور اندر سے ہم بہت کمزور ہو جاتے ہیں۔
الحکمہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ضیا الدین ندوی نے اس موقع پر لوگوں کااستقبال کرتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی اور فاؤنڈیشن کی کاوشوں کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ انہوں نے کہاکہ فاؤنڈیشن کامقصد پرامن سماج کی تشکیل ہے جس کے لئے ہر فرد کا تعلیم صحت اخلاقی قدروں اور معاشی استحکام سے آراستہ ہونا لازمی ہے ۔ اسی مقصد کے حصول کے لئے تیس سال سے فاؤنڈیشن سرگرم عمل ہے ۔
پروگرام کی صدرارت کرتے ہوئے منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ، حکومت ہند کے سابق جوانٹ ڈاٹریکٹر عبیدالرحمٰن نے الحمہ فاؤنڈشین کی کارگردی کو سراہا اور خدمت خلق کے کاموں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دیگر برادران وطن کے ساتھ اپنے تعلقات خوشگوار بنانے پرزور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں تمام مذاہب کے لوگوں کےساتھ ان کے تیوہاروں میںکھلے دل سے شرکت کرناچاہئے ۔ عبیدالرحمٰن نے کہاکہ اس وقت بہت سی فرضی خبروں کی اشاعت ہورہی ہے جن پر ہمیں توجہ نہیں دینی چاہئے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ہم اپنا کردار کریں۔
اس موقع پر انجینئر مسرور احمد اورڈاکٹر ادریس احمد خاں نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔پروگرام کے آخر میں فاؤنڈیشن کے سکریٹری سید شعیب احمدنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فاؤنڈیشن کے فلاحی کاموں میں لوگوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ فاؤنڈیشن حوصلہ کے ساتھ اپنے کاموں کو جاری رکھ سکے۔
پروگرام کی شروعات نعیم رضا ئ کی تلاوت قرآن سے ہوئی اورنظامت کے فرائض مانو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد حبیبی نے کی۔ مہمانوں کی ضیافت فاؤنڈیشن کے فائنانس سکریٹری ثاقب یاسین ، آرکیٹک عمارضیائ، سعود عالم اور دیگر والنٹیرس نے انجام دیں۔










