سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان جمعرات کو بیجنگ میں ملاقات کریں گے۔
اخبار’الشرق الاوسط‘ کے مطابق اس ملاقات میں گذشتہ ماہ اعلان کردہ تعلقات کی بحالی کے لیے معاہدے کے مواد کو فعال کرنے اور سفیروں تبادلے کے طریقہ کار پر بات کی جائے گی۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ بیجنگ میٹنگ سے قبل دونوں وزراء کے درمیان 3 بار رابطے ہوئے، جس میں معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اگلے اقدامات، مشنز کو دوبارہ کھولنے کا طریقہ کار اور سابقہ معاہدوں کو فعال کرنے پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے لیے چین کا انتخاب ایک معاہدے تک پہنچنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کرنے میں بیجنگ کے مثبت کردار کی توسیع کا حصہ ہے۔
بغداد اور مسقط میں ایرانی اور سعودی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے دور کے بعد سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آخری دور 6 اور 10 مارچ کے درمیان بیجنگ میں ہوا اور سعودی وفد کی سربراہی قومی سلامتی کے مشیر، کابینہ کے رکن اور وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان جب کہ ایرانی وفد کی قیادت قومی سلامتی کونسل کےسیکرٹری جنرل علی شمخانی نے کی۔








