ہندوتو وادی لیڈر اکاجل ہندوستانی کو ہیٹ اسپیچ کے الزام میں اونا پولیس نے گجرات میں گرفتار کیا ہے۔ کاجل پر الزام ہے کہ انہوں نے رام نومی کے موقع پر اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس کے بعد اونا میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کئی دنوں سے کاجل ہندوستانی کی تلاش میں تھی۔ اونا پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ہندوستانی نے اتوار کی صبح اونا میں پولیس کے سامنے خودسپردگی کی۔
خود سپردگی کے بعد کاجل کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ دراصل، کاجل ہندوستانی وشو ہندو پریشد (VHP) کے زیر اہتمام پروگراموں میں باقاعدگی سے حصہ لیتی رہی ہیں۔ کاجل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے بائیو میں خود کو قوم پرست ہندوستانی بتایا ہے۔
واضح رہے کہ کاجل ہندوستانی پر 30 مارچ کو رام نومی کے موقع پر وی ایچ پی کی جانب سے منعقدہ میٹنگ میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام تھا۔ تقریر کے دو دن بعد 2 اپریل کو ہندوستانی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔








