نئی دہلی :(ایجنسی)
بی جے پی لیڈر نوپور شرما اور نوین جندل کے متنازعہ ریمارکس کے بعد بجرنگ دل میدان میں اترنے جا رہی ہے۔ بجرنگ دل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 16 جون کو ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔ اس دوران ملک بھر کے ضلع ہیڈکوارٹرز میں دھرنے دیئے جائیں گے اور صدر جمہوریہ کو میمورنڈم بھی پیش کیا جائے گا۔
بتادیں کہ نوپور شرما اور نوین جندل کے تبصرے کے بعد سے ہی مسلم کمیونٹی ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔ مسلم کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ ان دونوں لیڈروں کو گرفتار کیا جائے۔
حالانکہ بی جے پی نے دونوں لیڈروں پر کارروائی کی ہے لیکن مسلم کمیونٹی اس سے مطمئن نہیں ہے۔
وشو ہندو پریشد کے مرکزی جنرل سکریٹری ملند پرانڈے نے بجرنگ دل کے مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے ماضی میں تشدد کیا ہے اور لوگوں کو اکسایا ہے، ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تبصرے کے لئےجن لوگوں کودھمکیاں مل رہی ہیں انہیں تحفظ دیا جائے۔
بتادیں کہ نوپور شرما اور نوین جندل کو متنازع تبصروں کے بعد ہی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ نوپور شرما کو دہلی پولیس نے سیکورٹی دی ہے، جبکہ نوین جندل کے اہل خانہ کو دہلی چھوڑنا پڑا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ ان کےپریوار اور انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
نوپور شرما اور نوین جندل کے ریمارکس کے بعد 3 جون کو کانپور سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ اتر پردیش کے کئی شہروں میں پہنچا۔ رانچی میں پرتشدد مظاہروں میں دو افراد ہلاک ہو گئے جب کہ بنگال میں بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔









