بہار کے یوٹیوبر منیش کشیپ کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ بہار کے بعد اب تمل ناڈو میں منیش کشیپ کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ منیش کے خلاف این ایس اے یعنی نیشنل سیکورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بتادیں کہ منیش کشیپ پر تمل ناڈو میں بہاری مزدوروں کی مبینہ پٹائی کا فرضی ویڈیو پوسٹ کرنے کا الزام ہے۔
تمل ناڈو کی مدورائی عدالت نے منیش کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ ہفتے تمل ناڈو پولیس کی ٹیم عدالت سے پروڈکشن وارنٹ لینے کے بعد منیش کو پٹنہ سے لے گئی تھی۔ منیش کو تمل ناڈو کی مدورائی عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس نے تین دن کا ریمانڈ حاصل کیا، جس میں اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔ جس کے بعد ان کی عدالتی حراست میں توسیع کر دی گئی ہے۔دوسری جانب یوٹیوبر منیش کشیپ نے راحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ منیش نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مختلف ریاستوں میں درج ایف آئی آر کو ایک ساتھ جمع کرنے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست کی گئی ہے۔








