رانچی :(ایجنسی)
بی جے پی لیڈر نوپور شرما اور نوین جندل کی طرف سے پیغمبر اسلام کے بارے میں کئے گئے تبصرے پر رانچی میں زبردست ہنگامہ ہوگیا ۔ اس ہنگامہ آرائی میں 2 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 10 لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔ بتا دیں کہ جمعہ کو بی جے پی لیڈروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک کے کئی مقامات پر زبردست مظاہرے ہوئے اور رانچی میں بھی بڑی تعداد میں مسلم کمیونٹی کے لوگ جمع ہوئے تھے۔
اس دوران مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور پولیس کو ان پر قابو پانے کے لیے گولی چلانا پڑی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہونے والے دو لوگوں کی موت ہوگئی۔
بی جے پی لیڈروں کے ریمارکس کے خلاف جمعہ کو دہلی کی جامع مسجد میں بھی زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔
رانچی میں ہنگامہ آرائی کے کئی ویڈیوز منظر عام پر آ چکے ہیں۔ جس میں پولیس مسلم کمیونٹی کے لوگوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن مظاہرین باز نہیں آئے اور اس دوران انہوں نے سیکڑوں گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ ہنگامہ آرائی میں 11 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں اعلیٰ پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ اس دوران کافی آتش زنی بھی ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے رانچی کے کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں۔









