واشنگٹن: امریکہ کی جارجیا اسمبلی نے ‘ہندو فوبیا’ (ہندو مذہب کے تئیں تعصب) کے خلاف قرارداد منظور کی ہے۔ یہ ایسا قانونی اقدام اٹھانے والی پہلی امریکی ریاست بن گئی ہے۔
ہندو فوبیا اور ہندو مخالف تعصب کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہندو مذہب دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم مذہب ہے اور دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں 1.2 بلین لوگ اس مذہب کو مانتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ مذہب قبولیت، باہمی احترام اور امن کی اقدار کے ساتھ متنوع روایات اور عقائد کے نظام کو شامل کرتا ہے۔قرارداد اٹلانٹا کی فورسیتھ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں لارین میکڈونلڈ اور ٹوڈ جونز نے پیش کی تھی۔ اٹلانٹا میں ہندو اور بھارتی نژاد امریکی کمیونٹیز کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی ہندو برادری نے مختلف شعبوں جیسے طب، سائنس اور انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مہمان نوازی، مالیات، تعلیم، مینوفیکچرنگ، توانائی اور خوردہ فروشی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔








