لکھنؤ :(ایجنسی)
اتر پردیش کے جالون میں کچھ شرارت پسند عناصر نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ شرارت پسند عناصر نے ضلع میں بنائے گئے مختلف عوامی بیت الخلاء پر مغل حکمرانوں کے نام لکھوادئے۔ سات پبلک ٹوائلٹس پر مغلوں کے نام لکھے گئے ہیں۔ ان بیت الخلاء کی تصویر وائرل ہونے کے بعد کہرام مچ گیا اور پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
شر پسند عناصر نے کچھ بیت الخلاء کا نام اورنگزیب بیت الخلا رکھا اور پھر دوسرے بیت الخلاء کا نام محمد غزنوی بیت الخلا رکھ دیا۔ ایسے کئی بیت الخلاء کے باہر ہمایوں، اکبر، خلجی وغیرہ کے نام لکھے گئے ہیں۔ یہ پورا واقعہ اتوار کی رات کو پیش آیا۔ اطلاع ملنے کے بعد سے مسلم کمیونٹی کے لوگوں میں غصہ ہے۔

پیر کی صبح ایک صارف نے ٹوائلٹ کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی۔ اس کے بعد سارا واقعہ سامنے آیا۔ اس کے بعد مختلف علاقوں سے ایسی تصویریں آنے لگیں۔ جالون کے اورائی میں بنائے گئے سات بیت الخلاء کا نام مغل بادشاہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس معاملے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ روی کمار نے کہا کہ بلدیہ کے ایگزیکٹیو آفیسر اور اورائی کوتوال کو بلا کر معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے، ضلع کا فرقہ وارانہ ماحول خراب نہیں ہونے دیا جائے گا، جو بھی ضلع کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرے گا، اسے سزا دی جائے گی۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔









