پریاگ راج :(ایجنسی)
اٹالہ تشدد کے دوران ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو آگے کے حوالہ کرنے والے فسادیوں سے نقصان کا ازالہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ضلع انتظامیہ و پولیس محکمہ کے ذریعہ ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر کو تباہ شدہ گاڑیوں کی ایک فہرست سونپی گئی ہے۔ جس میں گاڑیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وہیں ذرائع کی مانیں تو RTO کی جانب سے تباہ شدہ گاڑیوں کی کل مالیت چار سے پانچ لاکھ بتائی گئی ہے۔
کانپور اور پریاگ راج میں تشدد کے بعد ریاست کی یوگی حکومت شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے موڈ میں ہے۔ حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں سے نقصانات کی تلافی کی جائے گی۔ 10 جون کو اٹالہ میں نماز جمعہ کے بعد شرپسندوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا۔
اس دوران شرپسندوں نے اٹالہ علاقے میں سڑکوں پر کھڑی ایک درجن گاڑیوں (کاریں اور بائک) کو نشانہ بنایا۔ جس میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔ اسی دوران شرپسندوں نے پی اے سی کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔ انتظامیہ اب گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس کے لیے انہوں نے تباہ شدہ گاڑیوں کی فہرست آر ٹی او کو سونپی ہے۔









