بنگلورو( ایجنسی)آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد اپنا پہلا ٹویٹ پوسٹ کیا۔ زبیر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں یوپی میں کئی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے گرفتار کرلیاتھا ،تقریباً 24 دن جیل میں رہنے کے بعد زبیر کو 20 جولائی کو رہا کیا گیا۔ زبیر نے ٹویٹ میں اپنے خیر خواہوں کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔زبیر نے اپنے ٹویٹ کا آغاز اردو کے معروف شاعر راحت اندوری کی ایک نظم لکھ کر کیا، "جو آج صاحب مسند ہیں کل نہیں ہوں گے”۔ جس کا تقریباً مطلب یہ ہے کہ جو آج اقتدار میں ہیں کل وہاں نہیں ہوں گے۔ اس کے بعد انہوں نے لکھا، آپ سب کا شکریہ، میں گزشتہ ایک ماہ میں ہندوستان اور دنیا بھر میں خیر خواہوں سے ملنے والی حمایت کے لیے شکر گزار ہوں۔ آپ کے تعاون سے مجھے اور میرے خاندان کو بہت طاقت ملی ہے۔









